عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے بینکٹ ہال میں’کیرئیر لانچ اینڈ سٹارٹ اپ شوکیس ‘کا اِفتتاح کیا۔اس کا مقصد نوجوان کاروباری افراد کو بااِختیار بنانا اور مقامی نوجوانوں کے لئے کیریئر کی ترقی کے اَقدامات کو سپورٹ کرنا تھا تاکہ مختلف سرکاری سکیموں اور اَقدامات کے ذریعے فراہم کردہ مواقع کو تلاش کرنے کے خواہشمند کاروباری اَفراد اور اہم شراکت داروںکو اِکٹھا کیا جاسکے۔ ترقیاتی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کے تعاون سے چلنے والے پروگراموں کی اہمیت پر زور دیا جو نوجوان ٹیلنٹ کے لئے مالی مدد، ہنر کی ترقی اور رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا، ’’جدید اور دیرپااَقدامات کے ذریعے اَپنے نوجوانوں کو بااِختیار بنانا ہمارے ضلع کی سماجی و اَقتصادی ترقی کے لئے ضروری ہے۔‘‘ضلع ترقیاتی کمشنر نے مزید کہا کہ’ کیریئر لانچ اینڈسٹارٹ اپ شوکیس ‘‘نے ضلع انتظامیہ سری نگر اور ڈی ای اینڈ سی سی کے ایک متحرک کاروباری ماحول کو فروغ دینے ، نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اور ضلع بھر میں اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔شرکأ نے مشن یوتھ، پرائم منسٹر ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام (پی ایم ای جی پی) اور رورل ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام (آر ای جی پی) جیسی اہم سکیموں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ یہ پروگرام خود روزگار، مالی امداد اور تربیت کے لئے راہیں ہموار کرتا ہے جو نوجوان کاروباری اَفراد کو اَپنے کاروباری خیالات کو عملی جامہ پہنانے میں مدد کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ 106 اُمیدواروں نے مختلف سیلف ایمپلائمنٹ سکیموں کے لئے سائٹ پر اِندراج کرایا جو اپنے کاروباری منصوبوں کو شروع کرنے کے لئے ان اقدامات سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں ہیں۔