سرینگر//ضلع مجسٹریٹ سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے جمعہ کو شرائط کے ساتھ ایک شیڈول جاری کیا جس کے مطابق سرینگر میں کل یعنی13جون سے کاروباربحال ہوگا۔
شیڈول کے مطابق لازمی سروس سے وابستہ سبھی دکان پورے دن کھلے رہیں گے جبکہ باقی ماندہ دکانوں کو صبح11بجے سے شام5:30تک مخصوص ایام کو کھلا رہنے کی اجازت ہوگی۔سبھی دکانوں کو شرائط کی سختی کے ساتھ پابندی کرنی ہوگی۔
آج کا شیڈول سبھی متعلقین کے درمیان صلاح مشورے کے بعد جاری کیا گیا ہے جس میں تجارتی انجمنوں نے بھی حصہ لیا ۔مشاورت کے دوران تجارتی انجمنوں اور نمائندوں کو اجتماعی اصول چلانے کا طریقہ کار(ایس او پی) سمجھایا گیا جنہیں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کیخلاف نافذ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس سلسلے میں سکمز صورہ، جی ایم سی سرینگر، سکمز بمنہ اور ہیلتھ سروس محکمہ سے وابستہ ماہرین کی سفارشات بھی حاصل کی گئی تھیں جس کے بعداس ضمن میں قواعد و ضوابط کے تحت باضابطہ شیڈول جاری کیا گیا۔
شیڈول کے مطابق کتابوں کی دکانیں،ادویات کی دکانیں،گروسری،میوہ اور سبزیوں کی دکانیں،دودھ،گوشت و پولٹری دکانیں،چیزیں ٹھیک کرنے کی دکانیں،ای کامرس،کوریئرس، ہوٹل،ہوم ڈلیوری کیلئے ریستورانٹ،بیکری اور دوسری ضروری چیزوں کی دکانیں پورے ہفتے سوموار سے سنیچر تک کھلی رہیں گی۔
اس کے برعکس ریڈی میڈ گارمنٹس،کپڑے کی دکانیں،کاسمیٹک کی دکانیں،جوتوں کی دکانیں،الیکٹرانکس چیزوں کی دکانیں،زیورات کی دکانیں اور سبھی قسم کی درزی کی دکانیں پیر،بدھ اور جمعہ کو صبح11بجے سے شام5:30تک کھلیں گی۔
ہینڈی کرافٹس اور ہینڈلوم، ہارڈویئر، تعمیری سامان کی دکانیں،فرنیچر،فرش و فروش،آٹو موبائل، اور نائی و بیوٹی پارلر کی دکانیں ہر منگل،جمعرات اور سنیچر کو صبح11بجے سے شام5:30تک کھلی رہیں گی۔
حکام نے سبھی دکان مالکان کو اُن قواعد کی پابندی کرنے کیلئے کہا ہے جو کورونا کے پیش نظر نافذ ہیں۔