سرینگر//جموں کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں واقع شیر کشمیر انڈور اسٹیڈیم کمپلیکس میں منگل کے روز چار روزہ جموں کشمیر سٹیٹ جیت کانڈو چمپئن شپ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز ہوا جس میں ریاست کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے زائد از 8 سو کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔اس چمپئن شپ کا اہتمام جموں کشمیر سٹیٹ جیت کانڈو ایسوسی ایشن اور جموں کشمیر اکیڈمی آف یونیفائڈ مارشل آرٹس نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ ریاستی سطح کی اس چمپئن شپ میں منتخب ہونے والے کھلاڑی قومی سطح کی مارشل آرٹس چمپئن شپوں میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔چمپئن شپ کی افتتاحی تقریب پر کئی نامور کھلاڑیوں، جنہوں نے ریاست اور ملک کی قومی و بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کی ہے، نے اپنے ہنر کے مظاہرے سے سامعین کو محظوظ کیا۔ اس موقع پر بلال احمد نے سیلف ڈیفنس کے ہنر دکھائے جبکہ ثریا خلیل اور رفعت نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری، جو تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے، نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسی تقاریب کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع دیتی ہیں۔انہوں نے کہا: 'مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ریاست کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی اس چمپئن شپ میں شرکت کررہے ہیں، ایسی تقاریب سے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم ہوتا ہے'۔ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے چمپئن شپ کے منتظمین کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس چمپئین شپ کے منتظمین نے بہت ہی اچھا کام کیا ہے۔