سرینگر میں پہلی بار شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے

سری نگر// وادی کشمیر میں خشک موسم کے بیچ سردی کی شدت میں بتدریج اضافہ درج ہو رہا ہے اور سری نگر میں رات کا درجہ حرارت رواں سرمائی سیزن میں پہلی بار نقط انجماد سے نیچے درج کیا گیا اور یہاں رات کا درجہ حرارت منفی 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں فی الوقت برف و باراں کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اس دوران محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 20 نومبر تک وادی میں موسم خشک رہے گا اور 21سے 23نومبر تک وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکے سے درمیانہ درجے کی برف باری ہو گی جبکہ میدانی علاقوں میں بھی بارشوں اور ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے بتایا کہ سب سے زیادہ اثر اس برف باری میں شمالی کشمیر میں پڑسکتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں کشمیر وادی میں شدید سردیاں پڑ سکتی ہیں اور شبانہ درجہ حرارت میں بھی گراوٹ آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 19نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گرمائی دار لخلافہ سری نگر میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب رواں سیزن کی اب تک کی سرد ترین رات رہی جس دوران کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سرینگر میں اتوار کی صبح کو بھی ہلکی دھند چھائی رہی جس کے باعث لوگوں کو گاڑیاںچلانے کیلئے ہیڈ لائٹس کا استعمال کرنا پڑا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت 2.0ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت  منفی 3.5 ڈگری سینٹی گرڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 3.5ہی درج کیا گیا تھا۔سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.1سینٹی گرڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔کوکر ناگ میں بھی کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.3ڈگری ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت 0.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لہیہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثنا وادی میں اتوار کے روز بھی موسم خشک رہا اور دن میں ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی۔لوگوں کا کہنا ہے کہ موسم خزاں میں ہی موسم سرما جیسی سردی محسوس کی جا رہی ہے جس سے لوگ گوناگوں مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں۔