عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرینگر پولیس نے رشوت کے عوض منشیات فروشوں کی رہائی کا وعدہ کرنے والے ایک شخص کو سرکاری افسر کی نقالی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ۔ ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ6جنوری2025 کو ریاض احمد چنہ کی بیوی صفیہ ریاض نے شہید گنج کے رہائشی صادق حسن چالو کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ ملزم نے مبینہ طور پر ایک سرکاری اہلکار کے طور پر اثر و رسوخ کا دعویٰ کیا اور خاتون کے شوہر کی رہائی کیلئے رقم کا مطالبہ کیا، جسے راجباغ پولیس نے19نومبر2024 کو منشیات کے ایک کیس میں گرفتار کیا تھا۔شکایت کنندہ نے بتایا کہ ملزم نے دھوکہ دہی کا پتہ لگانے کے بعد ابتدائی طور پر جزوی رقم واپس کی لیکن باقی رقم سے انکار کردیا۔ اس کی شکایت کی بنیاد پر، بی این ایس ایکٹ کی دفعہ 318 (4)،319، اور 351 (2) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس نے تصدیق کی کہ شکایت کندہ خاتون کا شوہر ریاض احمد چنہ فی الحال PIT-NDPSایکٹ کے تحت سب جیل بھدرواہ میں بند ہے۔حکام نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ اثر و رسوخ کا دعویٰ کرنے والے افراد کا شکار نہ ہوں اور ایسے واقعات کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا 112 پر ڈائل کریں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تفتیش جاری ہے۔