سرینگر میں محکمہ مال میں عملے کی کمی | 1تحصیلدار،5نائب تحصیلداروں سمیت80کرسیاں خالی خدمات کی فراہمی میں تاخیر، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

بلال فرقانی

سرینگر//محکمہ مال سرینگر میں عملے کی شدید قلت کے باعث عوام کو مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہیں۔ دستیاب دستاویزات کے مطابق، ضلع سرینگر میں ایک تحصیلدار، پانچ نائب تحصیلدار، اور چھ گرداوروں سمیت کل 80 اسامیاں خالی ہیں۔ اس عملے کی کمی کی وجہ سے جہاں موجودہ عملے پر کام کا بوجھ بڑھ گیا ہے، وہیں شہریوں کو بھی اہم دستاویزات کی حصولیابی اور دیگر خدمات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہیں۔محکمہ مال کے سینٹرل انفارمیشن افسر نے تصدیق کی ہے کہ ضلع میں ایک تحصیلدار کے علاوہ پانچ نائب تحصیلدار اور ایک ہیڈ اسسٹنٹ کی اسامیاں خالی ہیں۔ مزید ، 6 گرداوروں، 4 سینئر اسسٹنٹوں اور 3 ڈبلیو بی این (واسل باقی نویس) کی بھی اسامیاں ابھی تک پْر نہیں کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ 37 پٹواروں اور 13 جونیئر اسسٹنٹوں کے علاوہ 2 ڈرائیور اور 8 ایم ٹی ایس (ملٹی ٹاسکنگ اسٹاف) کی اسامیاں بھی خالی ہیں۔اس عملے کی کمی کی وجہ سے شہریوں کو ضروری دستاویزات کے حصول اور مختلف درخواستوں کی شنوائی میں سنگین مشکلات کا سامنا ہے۔ ہارون سرینگر سے تعلق رکھنے والے بشیر احمد ملک نے اس صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اہم دستاویزات کے حصول کے لیے دن رات محکمہ مال کے دفاتروں کے چکر لگانے پڑتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ کافی پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عملے کی کمی کے ساتھ ساتھ موجودہ عملے پر بھی کام کا شدید دباؤ ہے، جس کی وجہ سے خدمات کی فراہمی میں تاخیر ہو رہی ہے۔یہ صورت حال محکمہ مال کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے اور اس کے فوری حل کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ عوامی حلقوں اور متعلقہ حکام کو اس مسئلے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے عملے کی بھرتی کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کو درپیش مسائل کا فوری حل نکل سکے۔