عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// عدالت عالیہ سری نگر نے کل فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کی مختلف دفعات کی خلاف ورزی کرنے پر سری نگر کے فوڈ بزنس آپریٹرز (ایف بی اوز) تاجروں پر 1,52,500روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سری نگر سید احمد کٹاریا، جو ایڈجوڈیکیٹنگ آفیسر ہیں، نے فوڈ سیفٹی کیسوں کے فیصلے کے دوران یہ جرمانہ عائد کیا۔ کٹاریا نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو بھی خبردار کیا کہ فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈز ایکٹ کی بار بار خلاف ورزیوں کے نتیجے میں ان کے کاروبار بند ہو جائیں گے۔یہ جرمانے شہر کے مختلف علاقوں کے تاجروں کی جانب سے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ-2006کی دفعات کی خلاف ورزی کے جواب میں لگائے گئے تھے۔ آفیسر نے اشیائے خوردونوش میں قانونی ضابطوں کی پابندی کی اہمیت پر زور دیا ہے اور ایف بی اوز سے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ اور اس سے متعلقہ قواعد کی تعمیل کرنے کو کہا ہے، متعلقہ نافذ کرنے والے ادارے کو ہدایت کی ہے کہ وہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کریں۔