عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سری نگر اسمارٹ سٹی لمیٹڈ اگلے دو دنوں کے اندر سری نگر میں ای۔بسوں کی آزمائش شروع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، اور 15 دنوں کے بعد یہاں کی سڑکوں پر ایک درجن سے زیادہ گاڑیوں کے چلنے کی امید ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے 200 ای بسیں خریدی ہیں۔ جموں اور سری نگر کے جڑواں شہروں میں سے ہر ایک کے لیے 100بسیں مختص کی گئی ہیں۔ اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت اے سی، ہیٹنگ کی سہولت اورسی سی ٹی وی والی کل 200 ای بسیں خریدی جا رہی ہیں۔ای بسوں میں ڈیجیٹل آن بورڈنگ کی سہولت اور لائیو ٹریکنگ بھی ہوگی، جس سے لوگوں کو بسوں کی آمد کے اوقات سے آگاہی حاصل ہوگی۔ایس ایس سی ایل کے چیف انجینئر افتخار ککرو نے بتایا کہ ای بسوں کا ٹرائل رن اگلے دو دنوں میں شروع ہو جائے گا، اور اس وقت آلودگی کنٹرول بورڈ سے رجسٹریشن اور سرٹیفکیٹ حاصل کرنے جیسے ضروری عمل جاری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ15 ای بسوں کا بیڑا اگلے15سے20 دنوں کے بعد سڑکوں پر چلایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ سرینگر کے لیے 100 ای بسیں خریدی گئی ہیں، باقی گاڑیاں اکتوبر۔نومبر تک سڑکوں پر چلتی نظر آئیں گی۔‘