کنگن// سرینگرلیہ شاہراہ پر گذشتہ روز شیطانی نالہ کے قریب پسیاں اور چٹانیں گر آنے کے باعث شاہراہ پردوسرے روز بھی گاڑیوں کی آمدرفت معطل رہی جس کے نتیجے میں سینکڑوں گاڑیاں شاہراہ کے دونوں طرف درماندہ ہیں ۔ایس ایچ او پولیس سٹیشن دراس منظور حسین میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گذشتہ روز شیطانی نالہ منی مرگ کے قریب شاہراہ پر بھاری برکم پتھر گر آئے جس کی زد میں ایک ٹرک زیر نمبر 4755/JK13Bبھی آگیا جس کو کافی نقصان پہنچا ہے تاہم گاڑی کا ڈرائیور اور کنڈکٹر بال بال بچ گئے ۔ایس پی ٹریفک رورل مظفر احمد شاہ نے بتایا کہ گذشتہ روز شیطانی نالہ کے قریب چٹانیں گر آنے سے شاہرا ہ پر بدھ کو ٹریفک کی آمدو رفت معطل رہی۔انہوںنے کہا کہ شاہراہ پر جو چٹانیں گر آئی ہیں انہیں بلاسٹنگ سے ہٹایا جاسکتا ہے ۔