اشرف چراغ+سید اعجاز +عارف بلوچ
سرینگر+کپوارہ +ترال+اننت ناگ//نوگام پولیس سٹیشن حادثاتی دھماکہ میں جاں بحق نائب تحصیلدار سمیت دیگر پولیس اہلکاوں اور ٹیلر کے علاوہ سی ایس سی چلانے والے کی تدفین میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔آہوں اور سسکیوں کا ماحول سرینگر سے لیکر کپوارہ اور بڈگام سے لیکر کولگام اور ترال میں دیکھا گیا۔ہفتہ کی شام نائب تحصیلدار مظفر احمد خان سائیہ بگ کی دھماکہ میں ہلاکت کے بعد انکی میت جب سوئیہ بگ لائی گئی تو یہاں ہر نم سوگوار رہی۔انکے نماز جنازہ میں ممبر اسمبلی آغا منتظر کے علاوہ ضلع کے سینئر سیول و پولیس افسران کے علاوہ سماج کے ہر طبقے کے لوگ شریک ہوئے۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی بھی موجود تھے۔ انسپکٹر اسرا لحق ساکن شاہ ولی مقام کپوارہ کی نمازِ جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جو نوگام پولیس سٹیشن دھماکے میں جاں بحق ہوئے تھے۔مرحوم کو اپنے آبائی گائوں مقام شاہ ولی درگمولہ میں سپردِ خاک کیا گیا، جہاں رقعت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے اور اہلِ خانہ و مقامی لوگوں نے غمگین دلوں کے ساتھ الوداع کہا۔ جنازہ میں اعلیٰ پولیس آفیسران اور سرکرہ شخصیات نے شرکت کی اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔ جنازے کو جلوس کی صورت میں گائوں کی گلیوں سے گزارا گیا، جہاں فضا سوگوار نعروں سے گونج اٹھی۔ مقامی لوگ شہید کی جو موت ہے، وہ قوم کی حیات ہے کے نعرے بلند کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعاگو تھے۔انسپکٹر اسرا لحق کی میت ہفتہ کی شام درگمولہ پہنچائی گئی ۔مرحوم تین بچوں کا باپ تھا ۔ کرائم برابچ کے کیمرہ مین کولگام کے ارشد احمد شاہ کو بھی سپرد خاک کیا گیا۔اس موقعہ پرڈی سی کولگام، ایس ایس پی، ڈی آئی جی کے علاوہ سیول اور پولیس افسران موجود تھے۔ٹیلر محمد شفیع پرے ساکن وانہ بل راولپورہ کی نماز جنازہ میں سینکڑوں لوگ شریک ہوئے۔ انہیں پر نم آنکھوں سے سپرد خاک کیا گیا۔کامن سروس سینٹر چلانے والے سہیل احمد راتھر ساکن نٹی پورہ کی میت جب گھر لائی گئی تو یہاں کہرام مچ گیا۔وہ مقامی تحصیلدار کیساتھ کام کرتے تھے۔انہیں پر نم آنکھوں سے آبائی قبرستان میں سپرد لحد کیا گیا۔ہاری پاری گام ترال کے کرائم فوٹو گرافر جاوید احمد راتھرعرف مبشرولد منصور احمد راتھر کی لاش سنیچر کی شام ان کے آبائی گھر پہنچائی گئی ہے جس کے ساتھ ہی یہاں کہرام مچ گیا ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ جاوید احمد 2017میں پولیس میںبطورکرائم فوٹو گرافر منتخب ہوا۔مرحوم کے گھر میں ایک کمسن بچی، اہلیہ ،بھائی اوروالدین ہیں ۔اس دوران مہلوک پولیس اہلکار کی میت کے ساتھ آئی جی کرائم برانچ سجیت کمار،ڈپٹی کمشنر پلوامہ ،ایس ایس پی اونتی پورہ کے علاوہ تمام سیول اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔