اشفاق سعید
سرینگر//مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ذریعہ سری نگرشارجہ پرواز شروع کرنے کے مہینوں بعد، اب اسے معطل کردیا گیا ہے۔اگرچہ یہاں ایئر لائنز کے حکام نے وجہ نہیں بتائی، لیکن معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کی پابندیوں کی وجہ سے یہ پرواز معاشی طور پر ناقابل عمل پائی گئی۔سری نگر ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر کلدیپ سنگھ نے کہا کہ سرینگر شارجہ فلائٹ اب کام نہیں کر رہی ہے۔ آخری پرواز جنوری کے آخر میں چلائی گئی، تب سے یہ معطل ہے۔گو فرسٹ، جس نے یہ فلائٹ چلائی، نے پرواز کو معطل کرنے کی وجہ نہیں بتائی۔سری نگر شارجہ فلائٹ کو امت شاہ نے 23 اکتوبر کو بڑے دھوم دھام سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا۔ کہا گیا کہ اس پرواز سے جموں و کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔10 دن کے اندر پاکستان نے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی لیکن بعد میں اجازت دینے سے انکار کیا۔ بھارت نے پاکستان سے پرواز کے لیے اوور فلائٹ حقوق دینے کی درخواست کی تھی۔