سرینگر//سرینگر کے راولپورہ علاقے کے باشندوں نے منگل کو فوج کے ہاتھوں دو مقامی نوجوانوں کی مبینہ مار پیٹ کیخلاف احتجاج مظاہرہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے راولپورہ چوک میں احتجاج کیا جس کے نتیجے میں وہاں ٹریفک کی نقل و حمل میں خلل پڑا۔
نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق شاہد احمد بٹ ولد عبد الاحد اور عاقب اشرف ڈار ولد محمد اشرف نامی دو مقامی نوجوانوں کو فوجی اہلکاروں نے راولپورہ پل کے نزدیک پکڑ کر مارا پیٹا۔
مقامی لوگوں کے مطابق فوجی اہلکاروں نے مذکورہ نوجوانوں کو کسی اشتعال کے بغیر تشدد کا نشانہ بنایا۔انہوں نے ملوث فوجی اہلکاروں، جو وہاں تعینات تھے، کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ عاقب کی ٹانگ اور پیر زخمی ہے جبکہ شاہد کی پیٹھ میں زخم لگے ہیں اور دونوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دفاعی ترجمان راجیس کالیا نے کے این او کو بتایا کہ وہ واقعہ کے تفصیلات معلوم کررہے ہیں۔