عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف سکریٹری اٹل ڈلو نے ہفتہ کو امید ظاہر کی کہ جموں سری نگر قومی شاہراہ ایک ہفتے کے اندر مکمل طور پر فعال ہو جائے گی۔بارہمولہ میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی)، ڈویژنل انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی بار بار لینڈ سلائیڈنگ اور بھاری بارش سے پیدا ہونے والے بحران سے نمٹنے کی کوششوں کی ستائش کی۔انہوں نے کہا کہ”جب بھی قومی شاہراہ کو بحال کیا گیا، تازہ لینڈ سلائیڈنگ نے ایک بار پھر رکاوٹیں پیدا کیں۔ فی الحال اس اہم راستے پر یک طرفہ ٹریفک کی اجازت دی جارہی ہے۔ NHAI ہائی وے کو مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے سخت محنت کر رہا ہے، اور مجھے امید ہے کہ ایک ہفتے کے اندر، یہ مکمل طور پر کام کر جائے گی۔چیف سیکرٹری اتل ڈولو نے کل بارہمولہ کا تفصیلی دورہ کیا اور ضلع بارہمولہ کے مجموعی ترقیاتی منظر نامے کا جائیزہ لیا ۔ چیف سیکرٹری نے ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں جاری ملک گیر سیوا پرب مہم کے حصے کے طور پر ڈپٹی کمشنر بارہمولہ اور دیگر افسران کی موجودگی میں سیوا پرب میلہ کا افتتاح کیا ۔ ڈولو نے صحت ، تعلیم ، سماجی بہبود ، آئی سی ڈی ایس ، زراعت ، باغبانی ، دیہی ترقی اور دیگر محکموں کی طرف سے لگائے گئے اسٹالوں کا معائینہ کیا جو مختلف سرکاری اسکیموں اور فلاحی اقدامات کے بارے میں فوری خدمات ، رہنمائی اور معلومات فراہم کرنے کیلئے قائم کئے گئے تھے ۔ میلے کے دوران چیف سیکرٹری نے مشن یووا ، زراعت اور متعلقہ شعبوں کے تحت مستفید ہونے والوں میں منظوری خطوط تقسیم کئے ، جس سے نوجوان کاروباریوں ، کسانوں اور سیلف ہیلپ گروپوں کو براہ راست تعاون فراہم کیا گیا ۔ انہوں نے معذور افراد کو ترمیم شدہ سکوٹیوں کی چابیاں اور ٹی بی کے مریضوں کو غذائی کٹس حوالے کیں ۔ بعد میں چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنربارہمولہ ، ڈی آئی جی نارتھ کشمیر اور دیگر سینئر افسران کے ساتھ مل کر سیوا پرو مہم کے تحت ڈاک بنگلہ بارہمولہ کے احاطے میں پودے لگانے کی مہم میں حصہ لیا ۔