بانہال // رام بن کے ماروگ علاقے میں مسلسل گرتی پسیوں کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت چار روز بعد جمعرات کی شام یکطرفہ طور بحال کی گئی اور درماندہ مسافر بردار ٹریفک کو ترجیح بنیادوں پر پار کرایاگیا۔برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں گر ائی پسیوں کی وجہ سے شاہراہ پیر کی صبح سے ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند کر دی گئی تھی۔ جمعرات کی شام چھ بجے رام بن کے ماروگ علاقے میں گرائی ایک بھاری پسی کو صاف کرکے شاہراہ کو قابل آمدورفت بنایا گیا ۔ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ منگل سے انوکھی فال ، بیٹری چشمہ اور ماروگ کے مقام پرگر ائی کئی پسیوں کو صاف کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کی دوپہر کو ماروگ کے مقام پر پتھروں کے گرنے کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک مسلسل جاری رہا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پسی کے دونوں طرف درماندہ ٹریفک کو ایک ایک کرکے نکالنے کا عمل شروع کیا گیا ۔ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ قریب 2ہزار گاڑیاں راستے میں رکی پڑی ہیں جن میں بیشتر مال بردار گاڑیاں ہیں البتہ سینکڑوں مسافر بھی کھلے آسمان کے تلے چار دن تک پڑے ہیں۔ادھرمگرکوٹ اور بانہال کے درمیان چھوٹی مسافر بردار گاڑی والوں نے پہلے ہی سے درماندہ اور مجبور مسافروں کو دو دو ہاتھ سے لوٹنے کا سلسلہ جاری رکھا اور سترہ کلومیٹر کی مسافت طے کرنے کیلئے مسافروں سے ایک ایک سو روپے کا کرایہ وصول کیا گیا۔اس لوٹ کو روکنے کیلئے کوئی بھی پولیس یا ٹریفک اہلکار موجود نہیں تھا۔