سرینگر//شیخ العالم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سرینگر سے شبانہ پروازوں پر فی الحال ناامیدی کے ہی بادل چھائے رہیں گے ،کیونکہ ابھی تک کسی بھی ائرلائن نے سرینگر سے شبانہ پروازیں چلانے کی حامی نہیں بھری ہے ۔وزارت شہری ہوا بازی نے اس بات کا خلاصہ منگل کو پارلیمنٹ اجلاس کے دوران کیا ۔ممبر پارلیمنٹ سرینگر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی طرف سے ابھارے گئے ایک سوال کے جواب میں وزارت شہری ہوابازی نے کہاکہ اگرچہ سرینگر ایرپورٹ پر شبانہ پروازو ں کیلئے درکار ڈھانچہ موجود ہے،تاہم کسی بھی ایئر لائن نے اس جانب ابھی تک رغبت کا اظہار نہیں کیاہے ۔وزارت نے مزید کہاکہ اگرچہ سرینگر ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ حاصل ہے تاہم ائرلائنز نے بین الاقوامی سطح پر صارفین کی کم تعداد کے باعث یہاں سے براہ راست بین الاقوامی اڑانیں بھرنے سے انکار کیا ہے ۔