جموں//ریاست میں سیاحتی شعبۂ کو فروغ دینے اور ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ رابطہ میں بہتری لانے کی غرض سے ریاستی حکومت نے یکم جنوری2019 سے سرینگر اور جموں ہوائی اڈوں پر شام کی پروازوں کے اوقات میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ائیر فورس اتھارٹیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ جموں ہوائی اڈے پر واچ آور ز میں صبح8 بجے سے لے کر شام9 بجے تک اور سرینگر ہوائی اڈے پر واچ آورز میں صُبح8 بجے سے لے کر شام8 بجے تک توسیع کریں۔یہ فیصلہ شہری ہوا بازی کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران لیا گیا۔روہت کنسل نے سرینگر اور جموں ہوائی اڈوں کے ڈائریکٹروں پر زور دیا کہ وہ ائیر لائنز سے کہیں کہ وہ سرینگر اور جموں روٹس پر صبح سویرے اور شام دیر گئے تک پروازیں چلائیں۔پرنسپل سیکرٹری شہری ہوا بازی نے ناخوشگوار موسم سے متاثرہ علاقوں کے درمیان رابطہ بڑھانے کے لئے ہیلی کاپٹر سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور ہدایات دیں کہ لداخ کے لئے یہ خدمات ایک ہفتہ کے اندراندر بحال کی جانی چاہئیں۔کرگل سے ہوائی خدمات شروع کرنے کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس سلسلے میں آر سی ایس پروازیں شروع کرنے کے لئے تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔