عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//وادی میں آگ کی دو الگ الگ وارداتوں میں ایک چار منزلہ مسجد کو نقصان جبکہ ایک پرانی تحصیل عمارت خاکستر ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ سر ینگر کے صراف کدل علاقے میں دوران شب آگ کی ایک واردات میں چار منزلہ مسجد کو نقصان پہنچا۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سری نگر کے صراف کدل علاقے میں پیر اور منگل کی درمیانی شب قریب ڈیڑھ بجے ایک چار منزلہ مسجد میں آگ نمودار ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہونے کے بعد آٹھ فائرٹنڈر جائے موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کوششوں میں جٹ گئے تاہم اس دوران مسجد کے بالائی منزل کو نقصان پہنچا۔ان کا کہنا تھا کہ آگ کی اس واردات میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔دریں اثنا آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔ادھر شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے گریز علاقے میں آگ کی شبانہ واردات میں پرانی تحصیل عمارت خاکستر ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ گریز کے داور علاقے میں پیر اور منگل کی درمیانی شب قریب گیارہ بجے پرانی تحصیل عمارت میں آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے پوری عمارت کو چشم زدن میں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ فوج، پولیس اور مقامی لوگوں نے سخت محنت کرکے آگ کو قابو میں کر لیا۔مقامی لوگوں نے فائر ٹنڈرس پر جائے واردات پر دیر پہنچنے کا الزام لگایا۔