سرینگر/سرینگر۔ جموں شاہراہ پر بدھ کو کم سے کم 12افراد اُس وقت زخمی ہوگئے جب ایک گاڑی مذکورہ شاہراہ پر گر آنے والے پتھروں کی زد میں آگئی۔مذکورہ شاہراہ آج صبح سے تازہ برفباری اور بارش کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حمل کیلئے بند ہے۔
یہ واقعہ مومہ پاس۔رامسو علاقے میں پیش آیا جہاں پہاڑ سے پتھر گر آئے اور ایک گاڑی اُن کی زد میں آگئی۔
حکام کے مطابق اس حادثے میں ایک خاتون سمیت12افراد زخمی ہوگئے۔ خاتون کی شناخت بہار کی رہنے والی کے طور ہوئی ہے۔
زخمیوں کو ابتدائی علاج کے بعداسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تاہم شدید زخمی خاتون کو گورنمنٹ میڈیکل کالیج اسپتال جموں منتقل کیا گیا۔
بہار کے رہنے والے9اور اتر پردیش و مدھیہ پردیش کے رہنے والے کئی افراد کو لیکر ایک گاڑی سرینگر سے جموں جارہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔ گاڑی کا ڈرائیور اننت ناگ کا باشندہ ہے۔
اس سے قبل آج صبح سرینگر ۔جموں شاہراہ تازہ برفباری کے بعد پھر بند کردی گئی۔
مذکورہ شاہراہ پر پروگرام کے مطابق آج بھی یکطرفہ ٹریفک چلنے والا تھا تاہم شاہراہ پر تازہ برفباری کے بعد اس میں تبدیلی لائی گئی۔
حکام کے مطابق رات بھر شاہراہ پر بارش ہوتی رہی جس سے رامسو، رامبن علاقے میں پتھر گر آئے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ کھولنے کا فیصلہ موسم ٹھیک ہونے پر منحصر ہے۔
محکمہ موسمیات نے جموں کشمیر میں آنے والے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔