جموں //مرکزی حکومت عنقریب ہی سرینگر اور جموں شہروں میں جدیدٹیکنالوجی سے لیس پولیوشن مانیٹرنگ سسٹم PMSنصب کرنے جا رہی ہے تا کہ چوبیسوں گھنٹے 24X7آلودگی کی سطح پر نظر رکھی جا سکے اور ان دونوں مصروف ترین شہروں میں بسنے والوں کو بڑھتی آلودگی کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ تکنیکی طور پر Continuous Ambient Air Quality Monitoring Station (system) کے نام سے جانے والے اس سسٹم کو دونوں شہروں میں ایسے مقامات پر نصب کیا جائے گا جہاں سے پورے شہر میں پھیل رہی آلودگی پر نظر رکھی جا سکے ۔ معتبر ذرائع نے بتایا کہ سرینگر میں یہ جدید نظام جلد ہی نصب کر دیا جائے گا جب کہ جموں میں اس کی تنصیب کیلئے کچھ عرصہ درکار ہے کیوں کہ مرکزی سرکار نے ریاستی حکومت کو استعمال کی سند Utilization Certificate (UC)دینے کیلئے کہا ہے۔رابطہ قائم کرنے پر ریاستی پولیوشن کنٹرول بورڈ کے لیگل ایڈوائزر ایم ایم شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرینگر میں نظام کی تنصیب کیلئے ٹینڈر فائنل کر دئیے گئے ہیں صرف اس کے لئے مقام کا تعین کرنا باقی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ’’سرینگر میں جدید ترین آن لائن پولیوشن مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کا عمل تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے جب کہ جموں میں تنصیب سے قبل مرکزی سرکار کو یوٹائلزیشن سرٹیفکیٹ دینا ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ جموں اور سرینگر میں آلودگی مقررہ حدوں کو عبور کر چکی ہے لیکن اس وقت نصب پولیوشن مانیٹرنگ سسٹم پرانا فرسودہ ہو چکا ہے اور یہ صحیح ڈاٹا فراہم نہیں کرتا ہے ۔ سرینگر میں پولیوشن ڈاٹا ماہوار بنیادوں پر 5مقامات سے جانچا جاتا ہے جب کہ جموں میں اس کیلئے تین مقامات طے ہیں۔ سرینگر میں راجباغ، حیدر پورہ، بلوارڈ ڈلگیٹ ، جہانگیر چوک اور صورہ میں یہ آلے نصب ہیں جب کہ جموں میں باڑی براہمناں، مولانا آزاد سٹیڈیم اور پولیوشن کنٹرول بورڈ کمپلیکس ہیں۔ مجوزہ جدید نظام نئی دہلی کے مین سرور کے ساتھ منسلک ہوگا اور یہ آلودگی کی سطح آن لائن دکھاتا رہے گا۔