جموں//سرکار نے سیاحتی شعبے کی سرگرمیوں کو بڑے پیمانے پر تشہیر دینے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ فلم انڈسری کو ریاست میں شوٹنگ کرنے کیلئے مائل کیا جا سکے اور سیاحوں کی آمد میں بھی اضافہ ہو سکے ۔ یہ فیصلہ گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ میں لیا گیا ۔ میٹنگ میں سیکرٹری ٹورازم ، ڈائریکٹر ایس کے آئی سی سی ، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی ڈی سی ، منیجنگ ڈائریکٹر کیبل کار کارپوریشن ، سیکرٹری جموں توی گالف کورس ، سی ای او گالف ڈیولپمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کر کے جموں روپ وے پروجیکٹ اور دیگر بنیادی ڈھانچے سے متعلق پروجیکٹوں سمیت مختلف مرکزی اور ریاستی سکیموں کی عمل آوری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ صلاحکار نے ملک کے مختلف شہروں میں ٹور اینڈ ٹریول ایجنٹوں کے ساتھ تشہیری پروگرام منعقد کرنے پر زور دیا انہوں نے ممبئی میں فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کے ساتھ بھی اسی طرح کا پروگرام منعقد کرانے پر زوردیا ۔ محکمے کی سرگرمیوں کو وسیع تشہیر دینے پر زور دیتے ہوئے صلاحکار نے پرموشنل فلمیں بنا کر انہیں الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر چلانے کی تلقین کی ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ، پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا میں محکمہ کی سرگرمیوں کو تشہیر دینے سے سیاحوں کو ریاست کی سیر کیلئے مائل کرنے میں کافی مدد ملے گی ۔ صلاحکار کو بتایا گیا کہ محکمہ سیاحت جموں 8 فروری سے 10 فروری تک جموں مہا اتسو بھی منعقد کرے گا تا کہ سیاحوں کو ریاست کی سیر کیلئے مائل کیا جا سکے ۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ ریاست کی سیاحت کی تشہیر کیلئے ملک کے 9 شہروں میں مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔ صلاحکار نے ڈائریکٹر ایس کے آئی سی سی کو ادارے میں بین الاقوامی سطح کی سہولیات قایم کرنے اور لیہہ میں انٹر نیشنل کانفرنس سنٹر قایم کرنے کیلئے کہا ۔ کشمیر گالف کورس کی عظمتِ رفتہ بحال کرنے کیلئے صلاحکار نے زیر التوا کاموں کو جلد مکمل کرنے اور گالف کورس کو مقررہ وقت کے اندر قابلِ کار بنانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے گا لف کورس کے منتظمین کو ملکی اور بین الاقوامی سطح کے معروف گالفروںکو کشمیر آنے کی دعوت دینے کیلئے کہا ۔ علاوہ ازیں انہوں نے جموں روپ وے پروجیکٹ کے باقی ماندہ کام کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہیں بتایا گیا کہ کام مکمل کیا گیا ہے ۔