عظمیٰ نیوز سروس
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے کل راج بھون میں پاڈری قبیلہ کے وفد سے ملاقات کی۔سابق وزیر سنیل شرما کی قیادت میں وفد نے پاڈری قبیلہ کو درج فہرست قبائل کا درجہ دینے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت والی یو ٹی اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا۔وفد کے اَرکان نے کہا کہ اس تاریخی فیصلے نے کمیونٹی کو سماجی و اِقتصادی طور پر بااِختیار بنانے کی راہ ہموار کی ہے اور اس سے پاڈری قبیلے کے لئے جموں و کشمیر اور ملک کی ترقی میں اَپنا حصہ اَدا کرنے کے لئے سازگار ماحول پیدا ہوگا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی سب کا ساتھ، سب کا وِکاس کے منتر کے ساتھ سماج کے ہر طبقے کی جامع ترقی کے لئے پُر عزم ہیںلیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’ہماری کوشش ایک جامع اور مساوی معاشرہ تشکیل دینا، پسماندہ لوگوں کو بااِختیار بنانا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ وہ قومی ترقی کے فوائد سے لطف اندوز ہوں۔‘‘اس دوران کشتواڑ کے سابق فوجیوں کے ایک وفد نے بھی منوج سِنہاسے ملاقات کی۔وفد کے اَرکان نے سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف مسائل پیش کئے جن میں ضلع سینک ویلفیئر آفس کا قیام اور کشتواڑ کے لئے وقف سابق فوجی کنٹری بیوٹری ہیلتھ سکیم شامل ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کو بات چیت کے دوران پیش کئے گئے مسائل اور مطالبات پر مناسب کاررِوائی کی یقین دہانی کی۔