جموں //ریاستی حکومت جموں وکشمیر کو سرمایہ کاری کے لئے ترجیحی منزل بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔ اس بات کا اظہار وزیر برائے صنعت و حرفت چندر پرکاش گنگا نے کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹریز( سی آئی آئی) کی جانب سے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر نے ریاست میں ’ایز آف ڈوئنگ بزنس‘ کو یقینی بنانے کے لئے ایک منظم لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے متعلقین کے مابین قریبی تال میل پر زوردیا۔ انہوں نے کہا’ حکومت تجارت کے لئے موافق ماحول کے قیام کے لئے کوشاں ہے اور’ ایز آف ڈوئنگ بزنس‘ میں ریاست کا درجہ بڑھانے کے لئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں‘‘۔ وزیر نے ریاست میں روز گار کے مواقعے بڑھانے کے لئے موثر حکمت عملی مرتب کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر عنقریب‘ ایز آف ڈوئنگ بزنس‘ کے لئے ملک کی15 بڑی ریاست کی فہرست میں درج ہوگا۔گنگا نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے ریاست میں سرمایہ کاری کے لئے مراعاتی پیکجوں کے علاوہ اس سلسلے میں پالیسی سازی بھی کی گئی ہے جن میں مالی مراعات کی فراہمی۔ لینڈ بنکوں کی دستیابی، صنعتی گلیاروں کی ترقی، بجلی کی بلا رکاوٹ دستیابی اور ریاست میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لئے دیگر سہولیت بہم رکھنا شامل ہے۔وزیر نے کہا کہ حکومت صنعتوں کے لئے بہتر سہولیات بشمول چوبیس گھنٹے بجلی کی ترسیل بہتر سڑک رابطہ سہولیت کی فراہمی اور بہتر بنیادی ڈھانچہ سہولیت بہم رکھنے کے لئے پُر عزم ہے۔نائب چیئرمین سی آئی آئی، شمالی خطہ، سوچیت جین، ریجنل چیئرمین سی آئی سی، سمالی خطہ بابو خان اور سی آئی آئی کے ارکان اس موقعہ پر موجود تھے۔اس سے قبل وزیر نے جودھا مل پبلک سکول کے سالانہ دن کی تقریب میں بھی شرکت کی۔