ارشاد احمد
گاندربل//محکمہ امور صارفین و تقسیم کاری کے ڈیپوئوں سے آج کل ناقص اور غیر معیاری آٹا فراہم کیا جارہا ہے۔اس سلسلے میں پچھلے دو تین ماہ سے گاندربل ضلع میں موجود سرکاری راشن ڈیپوئوںکے خلاف ناراضگی پائی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں ناقص آٹا فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آٹے میں ریت کے ذرے پائے جارہے ہیںاورآٹے سے جب روٹیبناتے ہیں تو اُسے چبانے میں مشکلات درپیش آتے ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس سلسلے میں متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ حکام تک تحریری طور شکایت درج کرائی ہے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔واکورہ کے مقامی شہری محمد اشرف بٹ نے بتایا کہ’’واکورہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پچھلے چند ماہ سے مسلسل ناقص اور غیر معیاری آٹے کی فراہمی جارہی ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی سرکاری ڈیپوئوں سے لائے گئے آٹے کو استعمال کرنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ آٹا ناقص ہے اور متعلقہ محکمہ کو ڈیولپمنٹ کونسل واکورہ کی جانب سے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے جس کے باوجود بھی ناقص آٹے کی فراہمی جاری ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ محکمہ اور فلور ملز کے مالکان میں ملی بھگت ہے جس کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیاکہ اس معاملے کی تحقیقات کرکے عوام کو معیاری آٹافراہم کیا جائے ۔