کشتواڑ//اساتذہ کوسماج کیلئے مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے رکن اسمبلی اندروال غلام محمدسروڑی نے آج کہاکہ اساتذہ کاطلباکے مستقبل کوتابناک بنانے میں اہم کردار ہے۔یہاں ڈپٹی کمشنردفترکمپلیکس کشتواڑمیںچھاتروزون کے رہبرتعلیم اساتذہ میں مستقلی کے احکامات تقسیم کرنے کیلئے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سروڑی نے کہاکہ تمام طبقات اورمذاہب میں درس وتدریس کاپیشہ متبرک ہوتاہے،اوراساتذہ کاکردار کبھی طلباکی زندگی میں والدین سے بھی زیادہ اہم کارنماانجام دے دیتاہے۔اُنہوںنے کہاکہ آج لوگ مصروف ہیں،ان کے پاس اپنوں کیلئے وقت کم ہوتاہے، خاص طورپرروزگاروکام کاج کے سلسلے میںوالدین مصروف رہتے ہیں اوربچوں کوپوراوقت نہیں دے پاتے ایسے میں تمام انحصاراساتذہ پررہتاہے اوراساتذہ کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں، بچے کامستقبل کیاہوگا، وہ بڑاہوکرکس سمت جائیگا، اس میںاساتذہ کااہم کردار ہے لہٰذااساتذہ اپنے اس مقدس پیشے کونبھانے میںکسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں۔سروڑی نے اس تقریب میں 20رہبرتعلیم اساتذہ میں مستقلی کے احکامات تقسیم کئے جوتعلیمی زون چھاترومیں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔سروڑی نے طلباکی مجموعی نشونماکیلئے اسکولوں میں تما م طرح کی غیرتدریسی سرگرمیوں کوفروغ دینے کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہاکہ بچوں میں مختلف کھیل کودکی بے پناہ صلاحیتیں پوشیدہ ہوتی ہیںجنہیں موقع کی تلاش رہتی ہے اور انہیں نکھارنے اوراُبھارنے کیلئے کھیل کود کے میدان اوربنیادی ڈھانچہ درکارہوتاہے۔اُنہوں نے کہاکہ اندروال اسمبلی حلقہ کے تعلیمی نظام کوبہتربنانے اور اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے کی فراہم کویقینی بنانے کیلئے وہ حسبِ وسائل بھرپور کوشش کررہے ہیں اور اپنے سی ڈیایف سے اس شعبے میں رقومات کے تصرف پرخاص توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔سروڑی نے اُمیدظاہرکی کہ مستقلی پانے والے اساتذہ اور زیادہ محنت، دیانت اورولولے کیساتھ بچوں کو علم کے نور سے منور کریں گے اور اپنے فرائض بخوبی نبھائیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی چیف ایجوکیشن آفیسر کشتواڑ جاوید احمدکچلو، پرنسپل ایچ ایس ایس گرلز کشتواڑ ،پرلہاد بھگت، پرنسپل ایچ ایس ایس بوائز سریش کمار ، زیڈای او ناگسینی بہاری لال، زیڈ ای اوپاڈر سبھاش چندر، زیڈ ای او کشتواڑ ودیا پرکاش ، ایچ او ڈی ڈائیٹ سریش کمار ، زیڈ ای پی او اندروال فتح محمد آہنگر ،ریفاض احمد ملک، طاہر مسعود ، شاہد شاہ اور دیگرمعززاساتذہ بھی اس موقع پرموجودتھے۔