سرنکوٹ// سرنکوٹ میں بینکوں کی جانب سے نصب اے ٹی ایمز میں رقومات نہ ہونے ودیگر خرابیوں کی وجہ سے صارفین کو کئی گھنٹوں تک قطاروں میں رہنا پڑتا ہے ۔سرنکوٹ میں سٹیٹ بینک آف انڈیا اور جموں وکشمیر بینک کی جانب سے کل 5اے ٹی ایم قائم کئے گئے ہیں لیکن بینک انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑتا ہے ۔ان اے ٹی ایمزمیں سے سٹیٹ بینک آف انڈیا کی دو جبکہ جموں و کشمیر بینک کی تین مشینیں نصب ہیں جو ہر دن کسی نہ کسی خرابی کا شکار رہتی ہیں ۔اے ٹی ایم کے سامنے قطار میں کھڑے اظہر محمود اور فاروق احمد نے بتایاکہ اے ٹی ایمز میں پیسے نہ ہونے کی وجہ سے ان کو قطاروں میں انتظار کر نا پڑ رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ جمعہ کی نماز سے قبل ہی پیسے ختم ہو گئے تھے لیکن اس کے بعد انتظامیہ کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔انہوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ الیکٹرنک سہولیات فراہم کرنے کے دعوے کئے جارہے ہیں لیکن زمینی سطح پر پورا نظام ہی ناکارہ ہوچکا ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کئی افراد کو مشکل وقت میں پیسے کی ضرورت ہو تی ہے تاہم لگا تار اے ٹی ایمزمیں خرابی اور انتظامیہ کی غفلت شعاری کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں اور بینک صارفین نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بینک انتظامیہ کو ہدایات جاری کی جائیں کہ سرنکوٹ میں اے ٹی ایم نظام کو فعال بناکر صارفین کی مشکلات کو حل کیا جائے ۔