سرینگر // سخت ترین موسم کے شہنشاہ چلہ کلاں اپنے 40روزہ قیام کے بعد چلہ خورد اور چلہ بچہ سمیت امسال رخصت ہوگیا ہے۔اس سال 70روز تک محیط سردی کے شہنشاہ نے نہ خود اہل وادی کو مشکلات میں ڈالا اور نہ ہی اسکے وزراء چلہ خورد اور چلہ بچہ کوئی مشکل صورتحال لیکر آئے۔بلکہ 70روز کی حکومت کے دوران وادی کے میدانی علاقوں کے لوگوں کو مکمل طور پر آسانی دی گئی کہ وہ کھلی دھوپ کے مزے لیں۔محکمہ موسمیات نے جمعرات کی شام سے ٹنل کے آرپارمیدانی اوربالائی علاقوں میں ہلکی تاموسلاداربارشیں اوربرف باری ہونے کاامکان ظاہرکیاہے ۔چلہ کلان کے برعکس چلہ خوردکے 20دنوں کے اوائل میں کشمیروادی ،خطہ چناب اورپیرپنچال کے میدانی علاقوں میں درمیانہ برف باری اوربارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانہ تابھاری برف باری ہوئی تھی ،اوراسی برف باری کے نتیجے میں سری نگرجموں شاہراہ متواترچارروزتک بندرہی جبکہ مغل روڑ ابھی بندرہا ۔تاہم 19فروری سے جلوہ گرہوئے شرارتی مانے جانے والے چلہ بچہ کے 10دن مجموعی طورپرخشک رہے جبکہ اس دوران رات اوردن کادرجہ حرارت بھی بہتررہا۔چلہ کلان اورچلہ خوردکے رُخصتی ایام کی طرح ہی چلہ بچہ کاآخری دن بھی موسمی اعتبارسے خشک رہا۔بدھ کوپورے دن کشمیروادی میںدھوپ چھائوں کاکھیل جاری رہاجبکہ آسمان پربادلوں کاہلکاجمائوبھی رہا۔تاہم شام دیرگئے تک کسی بھی علاقہ میں بارش یابرف باری نہیں ہوئی۔تاہم ماہرین موسمیات نے یہ امکان ظاہرکیاکہ یکم مارچ یعنی جمعرات کوشام دیرگئے سے کشمیروادی ،خطہ چناب اورخطہ پیرپنچال کے علاوہ جموں شہراوراسکے نواحی علاقوں میں کہیں ہلکی توکہیں موسلاداربارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ ٹنل کے آرپاربالائی علاقوں میں برف باری بھی ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے علاقائی دفترکے ترجمان نے بتایاکہ منگل اوربدھ کی درمیانی رات کشمیروادی اورصوبہ جموں کے بیشترعلاقوں میں ماسوائے گلمرگ،کرگل اورلیہہ میں درجہ حرارت نقطہ انجمادسے اُوپرریکارڈکیاگیا۔انہوں نے کہاکہ سری نگرشہرمیں شبانہ درجہ حرارت 4.9ڈگری سیلشیس ریکارڈکیاگیا۔