عشرت حسین بٹ+بختیار کاظمی
پونچھ //ضلع پونچھ میں گزشتہ دو ماہ سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے اور سردیوں کی آمد کیساتھ ہی بجلی کٹوتی میں دن بہ دن بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنے پڑ رہا ہے۔ضلع پونچھ کا بجلی نظام گزشتہ دو ماہ سے مفلوج ہو کر رہ گیا ہے اور گھنٹوں بجلی کٹوتی کی وجہ سے عوام مشکلات سے دوچار ہے ضلع کے متعدد علاقے ایسے ہیں جہاں پر جوں ہی بجلی سپلائی آتی ہے اُسی کیساتھ ہی سپلائی کو بند کردیا جا تا ہے ۔ اگر چہ موسمِ سرما ابھی تک خشک ہے اور بارش اور برف باری ابھی تک نہیں ہوئی مگر اسکے باوجود بھی ضلع بھر کا بجلی نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔صارفین نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کو شدید تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بجلی کرائے میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور بجلی کی ابتر حالت ہونے کے باوجود بھی وہ بجلی بل ادا کر رہے ہیں۔ سرپنچ گھوڑا نکہ اعجاز تانترے نے بتایا کہ گزشتہ دو ماہ سے ضلع پونچھ کے علاقہ جات میں بجلی نظام درہم برہم ہو چکا ہے اور بجلی کی کٹوتی حد سے زیادہ بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے عوام سخت پریشان ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سرکار کی جانب سے عوام کو پہلے تیلِ خاکی دیا جاتا تھا اور اگر بجلی نہ ہوتی تو وہ تیلِ خاکی کا استعمال کرتے تھے مگر گزشتہ دو برس سے سرکار کی جانب سے عوام کے لئے تیلِ خاکی کی سپلاسپلائی کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔سر پنچ موصوف کا کہنا تھا کہ دن اور رات میں محض چار سے چھ گھنٹے تک بجلی آتی ہے جبکہ ضلع کے دور دراز علاقوں میں بجلی ہی نہیں ہوتی ہے۔سب ضلع سرنکوٹ کے بلاک لسانہ میں قائم شدہ پاورسٹیشن کے ملازمین پر غفلت برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے شاہ احمد نائب سرپنچ پھاگلہ نے کہا کہ لسانہ گاؤں میں محکمہ پاور اینڈ سپلائی کے ملازمین خاص کر پھاگلہ و دیگر متعدد گاؤں کی بجلی کاٹ کر دے رہے ہیں۔ انھوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہ لسانہ گریڈسٹیشن پر تعینات ملازمین لسانہ گاوں کے ہی ہیں۔ جو گاوں پھاگلہ دھندک سنئی مڑہوٹ ہاڑی و دیگر کئی علاقوں کی بجلی کو بلاوجہ بند کرتے ہیں اور صرف لسانہ گاوں کی بجلی بخالی کو یقینی بنایا گیاتاہم متعلقہ اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر نے کہاکہ کسی مخصوص گائوں کی سپلائی بند نہیں کی گئی جبکہ پاور کٹ پر سبھی لائنوں کی برابر سپلائی بند ہوتی ہے تاہم اگر ایسا کوئی معاملہ سامنے آیا تو اس پر نظر رکھی جائے گی ۔ ضلع کی عوام نے محکمہ کے آعلی آفیسران سے اپیل کی کہ بجلی کے نظام میں بہتری کی جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔دوسری جانب متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران نے بتایا کہ صارفین کی جانب سے بجلی کا انتہائی غلط استعمال کیاجاتا ہے جبکہ لوڈ زیادہ ہونے کی وجہ سے مشینری کو نقصان پہنچاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس لوڈ کو کنٹرول کرنے کیلئے کٹوتی کی جاتی ہے ۔انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ سپلائی کو بہتر بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔