گاندربل//مرکزی سیکریٹری اِطلاعات و نشریات اپوروا چندرا نے کنگن سب ڈویژن کے دُور دراز علاقوں کا دورہ کیا تاکہ علاقے میں ڈی ڈی فری ڈِش کی رَسائی کا جائزہ لیا جاسکے۔دورے کے دوران مرکزی سیکرٹری کے ہمراہ جوائنٹ سیکرٹری مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات وِکرم سہائے، پرنسپل ڈائریکٹر جنرل نیوز آل اِنڈیا ریڈیو این وِی ریڈی ، ڈائریکٹر جنرل دُور درشن میانک اَگروال ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پریس اِنفارمیشن بیورو سری نگر راجندر چودھر ی ، جوائنٹ ڈائریکٹر اِنفارمیشن انعام الحق صدیقی ، ڈپٹی ڈائریکٹر نیوز ڈی ڈی کے سری نگر قاضی سلمان ، ایس ڈی ایم کنگن اور ضلع اِنتظامیہ کے دیگر اَفسران بھی تھے۔مرکزی سیکرٹری نے کہا کہ ڈی ڈی فری ڈِش کے پلیٹ فارم سے دُور دراز اور سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں تک پہنچنے کے مقصد کو حاصل کرنے کے لئے حکومت نے ایسے علاقوں میں 1.5 لاکھ فری ڈِش تقسیم کرنے کی تجویز پیش کی ہے جہاں کیبل سروس دستیاب نہیں ہے جس کے لئے ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے اور جلد مکمل کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہا رکرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری نے ماضی میں بہت سے چیلنجوں کے باوجود اَپنے فرائض کی اَنجام دہی کے لئے دُور درشن کیندرسری نگر کی تعریف کی۔اُنہوں نے کہا،’’ یہ ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اپنے پروگراموںسے مقامی ثقافت کی نمائندگی کرنے اور لوگوں تک مستند معلومات پہنچا کر مقبول ہوا ہے۔‘‘اِس موقعہ پر مرکزی سیکرٹری نے ڈی ڈی فری ڈش مارگنڈ کنگن کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں سے بھی بات چیت کی جنہوں نے مختلف چینلوں بالخصوص ڈی ڈی کاشر پر دستیاب پروگراموں کے بارے میں اَپنی رائے دی۔اُنہوں نے فری ڈِش سروس فراہم کرنے پر حکومت کا شکریہ اَد اکیا جو علاقائی زبانوں کی ترقی ، فروغ اور لوگوں کی اُمنگوں کو پورا کرنے کے لئے بہت اہم بن گئی ہے بالخصوص دُور دراز علاقوں میں رہنے والوں کی خواہشات کو پورا کرنے کے لئے اس میں تفریح، معلومات کا ایک معتبر اور خبروں سمیت وسیع چینلز مفت دستیاب ہیں۔