عظمیٰ نیوزسروس
جموں//بی ایس ایف کے ایک اعلیٰ افسر نے جموں میں بین الاقوامی سرحد پر سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور فوجیوں کو ہدایت دی کہ وہ ملک مخالف سرگرمیوں کو روکنے کے لیے موثر سرحدی تسلط برقرار رکھیں۔ بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (مغربی کمان) ستیش ایس کھنڈارے 23جنوری کو تین روزہ دورے پر جموں فرنٹیئر پہنچے۔انہوں نے کٹھوعہ اور جموں اضلاع کے آگے کے علاقوں کا دورہ کیا۔انہیں فیلڈ کمانڈرز نے سیکورٹی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ہفتہ کو بی ایس ایف کے جموں فرنٹیئر ہیڈکوارٹر میں ایک پرہاری سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے، کھنڈارے نے سرحدی فرائض کے تئیں ان کی لگن کے لئے فوجیوں کی تعریف کی اور ان سے کہا کہ وہ ملک مخالف سرگرمیوں کو روکنے کے لئے موثر سرحدی تسلط برقرار رکھیں۔ترجمان نے بتایا کہ انہوں نے کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر سیکٹر میں سرحدی علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہیں فیلڈ کمانڈروں نے آپریشنل پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے جموں ضلع کے اکھنور سرحدی علاقے کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں سیکٹر کمانڈر اور بٹالین کمانڈنٹ نے فورس کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ترجمان نے کہا کہ کھنڈرے نے سرحدی انتظام کے اہم پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا، بشمول عمومی سلامتی کا منظرنامہ اور بین الاقوامی سرحد پر تسلط۔انہوں نے فوجیوں سے بھی بات چیت کی اور لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دینے پر ان کی تعریف کی۔