سرینگر // جموں وکشمیر محکمہ تعلیم کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں میں’سرجیکل سٹرائیک ڈے‘ منانے کیلئے 28 سے 30 ستمبر تک مختلف نوعیت کی تقریبات کا انعقاد کریں۔ مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات کی طرف سے ایک حکمنامہ زیر نمبرP-11017/35/2018-PPC-part1 بتاریخ 20ستمبر 2018کو جاری کیا گیاجس میںپورے ملک میں یہ دن منانے کیلئے کہا گیا۔مرکزی سرکار کے اس حکمنامے کی پیروی کرتے ہوئے ریاستی محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکریٹری نے 28ستمبر سے لیکر 30ستمبر تک پوری ریاست میں اس دن کی مناسبت سے تقریبات منعقد کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اس ضمن میں محکمہ تعلیم نے ایک سرکیولرنمبر12-Edu of 2018بتاریخ26ستمبر 2018کو جاری کردیا۔ سرکیولر میں کہ گیا ہے کہ جس سکول میں این سی سی یونٹ قائم کئے گئے ہیں وہاں تقریبات کا اہتمام کیا جائے جن میں خصوصی پریڈ ہو،اور جنگی ماہرین کے خطابات کو یقینی بنایا جائے۔سکولی بچوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فوج کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے انکے نام کارڈ اور خطوط لکھیں، جو نزدیکی فوجی کیمپوں کے نام پر ارسال کی جائیں۔ سکول منتظمین سے کہا گیا ہے کہ وہ کورے کارڈ اور خطوط طلاب کیلئے مہیا کریں۔اس ضمن میں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں و کشمیر، پرنسپل سینک سکول نگروٹہ و مانسبل،ڈپٹی کمشنرکیندر ودھالیہ اور جواہر نوودھالیہ کو احکامات دیئے گئے ہیں۔کشمیر اور جموں کے محکمہ تعلیم کے سربراہان سے کہا گیا ہے کہ وہ پولیس پبلک سکولوں اور آرمی گڈ ول سکولوں کیساتھ تال میل کر کے اسی طرح کی تقریبات سکولوں میں منعقد کرانے کا اہتمام کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وادی میں سکولی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ اس حکمنامے پر عمل درآمد کرنے کیلئے ثبوت کے طور پر تعمیلی رپورٹیں بشمول ویڈیوز اور تصاویر پیش کریں‘۔