سرینگر//اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اس کی طرف سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سرجیکل اسٹرائیک کی بار بار کی دھمکیاں بے معنی ہیں اور اگر اس نے کوئی جارحیت کی تو پاکستان کی طرف سے اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ اقوام متحدہ کے سیکیرٹری جنرل کی طرف سے سالانہ رپورٹ کے حوالے سے ایک مباحثہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ ’بھارتی دھمکیوں پر میں صرف اتنا کہوں گی کہ پاکستان کی دفاع کی صلاحیت کو کم نہ سمجھا جائے، بھارت کی طرف سے کسی بھی جارحیت یا مداخلت کی صورت میں پاکستانی افواج اور قوم کی طرف سے اسے بھرپور، موثر اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔‘انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی طرف سے طاقت کے استعمال کی کھلی دھمکیوں پر فوری کارروائی کرے۔ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر میں اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی روزانہ خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور اپنے ناجائز قبضے سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کے پار سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے یہ دعوے اور تواتر کے ساتھ سرجیکل اسٹرائیک کی دھمکیاں اقوام متحدہ کے منشور کی بھی کھلی خلاف ورزیاں ہیں۔