سرینگر// عوامی مجلس عمل کے سربراہ اور حریت(ع)چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے وادی کشمیر کی ایک سرکردہ سماجی اور نامور شخصیت اور خاندان میرواعظ کے دیرینہ محب الحاج سراج الدین پنجابی سکونت مرزا کامل حول کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی کشمیری سماج اور معاشرے کے تئیں گرانقدر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا ہے ۔دوران نظر بندی میرواعظ نے فون پر مرحوم کے فرزند اور سرکردہ تاجر رہنما عبدالرئوف پنجابی کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت،جنت نشینی اور پنجابی خاندان کے جملہ اراکین کیلئے صبر جمیل کی دعاکی۔ میرواعظ نے کشمیر کے سرکردہ صحافی ،قلمکار اور شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق صاحبؒ کے قریبی رفیق رہ چکے منظور انجم کے برادر اکبر الحاج علی محمد شاہ کے انتقال پر بھی صدمے کا اظہار کرتے ہوئے فون پرمنظور انجم کے علاوہ مرحوم علی محمد شاہ کے فرزند سے بھی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور شاہ صاحب کی وفات کو ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت مسنونہ پیش کی۔اس دوران میرواعظ نے میرواعظ منزل نگین کے اسٹاف ممبر محمد یعقوب کے پھوپھا محمد مقبول بابا سکونت گلبرگ کالونی بژھ پورہ کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے محمد یعقوب اور بابا خاندان کے جملہ افراد خانہ کے ساتھ تعزیت اور تسلیت پیش کی اور مرحوم کی جنت الفردوس کیلئے خصوصی دعا کی۔