نیوز ڈیسک
جموں //سدھرا جموں میں بدھ کی صبح ایک تصادم میں چار ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کے ایک دن بعد، پولیس نے جمعرات کو جنرل بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن سمیت کئی علاقوں میں تلاشی مہم شروع کی، تاکہ ٹرک ڈرائیور کا پتہ لگایا جا سکے جو فائرنگ سے پہلے موقع سے فرار ہو گیا تھا۔یہ چاروں ملی ٹینٹ بھوسے سے لدے ایک ٹرک میں چھپے بیٹھے تھے، جو جموں سے سرینگر جارہا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور شدید دھند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گولی باری شروع ہونے سے پہلے ہی موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے مزید کہا کہ اس کا سراغ لگانے کے لیے تلاشی مہم اور گاڑیوں کی چیکنگ تیز کر دی گئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ اسپیشل آپریشن گروپ نے بجلتا جنگل کو گھیرے میں لے لیا، جو فائرنگ کے مقام سے تقریباً سات کلومیٹر دور ہے، اور ایک مکمل تلاشی آپریشن کیا۔سیکورٹی فورسز کو بس اسٹینڈ اور جموں ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کرتے بھی دیکھا گیا۔ اس کے علاوہ اندرا چوک سمیت شہر کے مختلف مقامات اور شاہراہ کے ساتھ ساتھ کئی چوکیاں بھی بنی ہوئی ہیں۔تصادم کے فوراً بعد جموں زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مکیش سنگھ نے کہا کہ بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشنوں اور بازاروں میں تلاشی لی جارہی ہے، جب کہ فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرنے کے لیے تمام چوکیوں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔ٹرک کی نمبر پلیٹ جعلی ہے۔ انجن اور چیسس نمبر میں بھی چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے اور اس سلسلے میں فرانزک ٹیموں کی مدد لی جارہی ہے۔حکام نے بتایا کہ ڈرائیور کو پکڑنے اور ٹرک کے مالک کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔