سرینگر//فلاحی ادارے سخاوت سینٹر کے سالانہ مقابلہ جاتی امتحان میں امسال ساڑھے چار ہزار طلاب نے حصہ لیا۔ اتوار کو وادی کے کئی مقامات پر قائم کئے گئے امتحانی مراکز میں آٹھویں جماعت سے لیکر دسویں جماعت تک کے طلاب نے اپنے اپنے نصاب کے مطابق ایک سو منٹ کا مرتب کیا گیا سوال نامہ حل کیا۔سخاوت سینٹر ذرائع نے بتایا کہ نتائج بر آمد ہونے کے بعد پہلی ایک ہزار امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے امیدواروں کو انعامات سے نوازا جائے گا جس میں نقدی رقومات کے علاوہ علمی اور اخلاقی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ ادھر محمدیہ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کنزر ٹنگمرگ میں قائم کئے گئے امتحانی مرکز کے دورے کے دوران امتحان شروع ہونے سے قبل سب ڈویژنل مجسٹریٹ گلمرگ عزیز احمد راتھر نے امتحان میں شریک ہونے والے طلاب سے ایک مختصر خطاب کے دوران علم اور امتحانات کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوا کرتے ہیں۔