جموں// سماجی بہبوداور سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر سجاد غنی لون نے راج بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے گورنر کے ساتھ ا ن کے ماتحت محکموں سے جڑے امور اور سماجی بہبود شعبے میں عملائی جارہی مختلف سکیموں کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے سجاد غنی لون کے ساتھ جسمانی طور ناخیز افراد کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور اس طبقے کے لوگوں کے لئے مزید فلاحی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ادھر دیہی ترقی ، پنچایتی راج اور قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہر کے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے گورنر کو اپنے حد اختیار میں آنے والی ذمہ داریوں اور عدالت عالیہ میں التوأ میں پڑے معاملات کی پیروی کے حوالے سے کئے جارہے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی ۔انہوں نے گورنر کو ریاست میں اس سال پنچایتی انتخابات کے انعقاد کے منصوبے سے بھی آگاہ کرایا۔عبدالحق نے گورنر کو جانکاری دی کہ حکومت اکتوبر 2019ء تک ریاست کو کھلے میں رفع حاجت کرنے کے مسئلے سے چھٹکارا دلانے کے لئے پُر عزم ہے۔گورنر نے اس موقعہ پر دیہی ترقیات کے حوالے سے تمام سکیموں کی بروقت تکمیل پر زور دیا اور کہا کہ دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جانا چاہیئے۔دریں اثنا ایم ایل اے بانڈی پورہ عثمان مجید نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہراکے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے گورنر کے ساتھ ریاست میں امن اور معمول کے حالات برقرار رکھنے بالخصوص نوجوانوں کے مفادات کو تقویت بخشنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔گورنر نے عثمان مجید کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ ریاست میں ایک پُر امن ماحول کو فروغ دینے اور ریاستی عوام کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔