عظمیٰ نیوز سروس
بانہال// نیشنل کانفرنس ضلع صدر رام بن میر سجاد شاہین نے گاؤں ناچلانہ ، کھڑی میں آتشزدگی کے واقعے میں املاک کے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے جس میں ایک کمپیوٹر سٹور سمیت دو دکانیں مکمل طور پر جل گئیں۔شاہین نے کہا کہ ضلع بھر میں اچھی طرح سے لیس فائر سروس سٹیشن قائم کرنے کی فوری ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رام بن خاص طور پر بانہال اسمبلی حلقہ میں پہاڑی علاقوں میں ایسے سٹیشن ضلع کے تمام بلاک کی سطح پر کھولے جائیں۔ شاہین نے کھڑی ، چملواس ، مہو ، رامسو ، نیل، اکھڑال اور گول سنگلدان سمیت ضلع کے دیگر علاقوں میں فائر سروس سٹیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان علاقوں میں لوگوں کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔انہوں نے اس واقعہ میں ہونے والے نقصان پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں نیشنل کانفرنس متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑی ہے۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ آگ کے متاثرین کو معاوضے کا اعلان کرے تاکہ وہ اپنے تباہ شدہ ڈھانچے کو دوبارہ تعمیر کر سکیں۔