عظمیٰ نیوز سروس
بانہال//جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس ضلع صدر رام بن میر سجاد شاہین نے سب ڈویژن گول سمیت پورے ضلع رام بن میں غیر طے شدہ بجلی کی کٹوتی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔اکھڑہال کے اپنے ایک دن کے دورے کے دوران انہوں نے رامسو ، اکھڑال، پوگل-پارستان کے علاوہ دیگر ممتاز مقامی ورکنگ کمیٹی ممبران اور پارٹی تنظیمی بلاکس کے سربراہان سے بات چیت کی۔انہیںموسم سرما کے دوران بجلی کی غیر مقررہ کٹوتی، دور دراز علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی عدم دستیابی سے متعلق عوام کو درپیش روزمرہ کے مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔شاہین نے کہا کہ بانہال اور اس سے ملحقہ علاقوں کے مکینوں اور دیگر علاقوں گول کو غیر طے شدہ بجلی کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ محکمہ بجلی کے شیڈول پر عمل کرنے میں ناکام رہا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران صورتحال بد سے بدتر ہوتی چلی گئی ہے کیونکہ شام کے اوقات میں بجلی کی کٹوتی زیادہ ہوتی ہے اور اسے بڑھایا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانہال اور اس کے دور دراز علاقوں کو بجلی کے بدترین بحران کا سامنا ہے جس نے لوگوں کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ شاہین نے پورے ضلع رام بن کو سبسڈی والے مٹی کے تیل کی سپلائی روکنے پر بھی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا جو کہ کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے ۔ انہوں نے جموں و کشمیر کی انتظامیہ پر بھی زور دیا ہے کہ وہ سردیوں کے دوران ضروری اشیاء خاص طور پر راشن، چینی اور مٹی کے تیل، ایل پی جی سلنڈر کے علاوہ بلا تعطل بجلی اور پینے کے پانی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنائے۔