عظمیٰ نیوزسروس
نئی دہلی //وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ، ٹرانسپورٹ، امورِ نوجوان وکھیل کود ، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اے آر آئی اور ٹریننگ ستیش شرما نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر برائے امور ِنوجوان و کھیل کود ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی بالخصوص اَمورِ نوجوان و کھیلوں سے متعلق پورے دائرہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔شروعات میں وزیر موصوف نے مرکزی وزارتِ اَمورِ نوجوان و کھیل کود کی جانب سے اٹھائے گئے قابل ذکر اَقدامات پر تہہ دل سے شکریہ اَدا کیا اور اُن کی ستائش کی۔ستیش شرما نے کہا کہ وزارت کی طرف سے جموں و کشمیر کے لئے فعال کوششوں، عزم اور مسلسل حمایت نے خطے میں کھیلوں کے ماحولیاتی نظام کو نمایاں طور پر تقویت بخشی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ کھیلو اِنڈیا جیسے مختلف فلیگ شپ پروگراموں کے تحت تقریبات اور اقدامات نے نوجوان ٹیلنٹ کی شناخت اور پروان چڑھانے میں اہم رول اَدا کیا ہے جبکہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کے منصوبوں نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں میں نئی اُمید اور جوش پیدا کیا ہے۔ستیش شرما نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر اَپنے منفرد جغرافیائی اور ثقافتی تنوع کے ساتھ کھیلوں کے مختلف شعبوں میں بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ہے اور اِس خطے کے نوجوانوں میں کھیلوں میں آگے بڑھنے کی نمایاں صلاحیت اور امنگیں موجود ہیں، جن کے لئے بہتر بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی اَقدامات کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے جدید ترین کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور ٹیلنٹ کو مؤثر طریقے سے پروان چڑھانے کے لئے مرکزی سکیموں کی عمل آوری کی اہم ضرورت پر زور دیا۔ وزیرنے جموں و کشمیر کے دیہی وسرحدی علاقوں میں کھیلو اِنڈیا مراکز اور بنیادی ڈھانچے کی مدد پر زور دیا ، ایس اے آئی مراکز سرحدی و دیہی علاقوں جیسے اَکھنور ، راجوری ، پونچھ ، کپواڑہ وغیرہ میں ہینڈ بال پر توجہ مرکوز کریں۔ جموں و کشمیر کے منفرد جغرافیہ کو بروئے کار لانے کے لئے مشہور مقام پر ایڈونچر اور سرمائی کھیلوں کو فروغ دینا ، گلمرگ اور سونہ مرگ ، پہلگام وغیرہ جیسے دیگر ممکنہ مراکز اور جموں صوبے کے برف پوش حصوں میں قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کو راغب کرنے کے لئے سرمائی کھیلوں کے لئے سہولیات میں توسیع اور اضافہ کرناہے۔ستیش شرما نے کچھ اہم اَقدامات کی طرف بھی مرکزی وزیر کی توجہ مبذول کی جس میںفٹ بال، ریسلنگ، ٹیبل ٹینس، واٹر سپورٹس، ہاکی وغیرکو سپورٹ کرنے کے لئے اعلیٰ کارکردگی والے کوچوں ، امن اور ترقی کی پہل کے تحت سازوسامان کے لئے شمال مشرق کو دی گئی سکیم پر عمل درآمد، دور دراز علاقوں میں کھیلو اِنڈیا ٹیلنٹ آئیڈینٹی فکیشن کیمپوں کے اِنعقاد کے ذریعہ ٹیلنٹ کی شناخت پر خصوصی توجہ مرکوز کرنا اور غیر استعمال شدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانا، چوچوں ، ٹرینروں اور سکل ڈیولپمنٹ پروگرام متعارف کرنا ،کھیلوں کے منتظمین جموںوکشمیر میں کھیلوں کے ماحولیاتی نظام کو بڑھانے کے لئے پیشہ ورانہ اِنتظام کو یقینی بنایا شامل ہیں۔مرکزی وزیر نے ستیش شرما کی طرف پیش کردہ تمام مسائل اور مطالبات کو بغور سنا اوران پر فوری کارروائی اورغوروخوض کرنے کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کھیلوں کے بہتر بنیادی ڈھانچے اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔