عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین ستیش شرما نے بدھ کو تیل کمپنیوں بشمول ایچ پی سی ایل کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ میں جموں و کشمیر میں ایل پی جی کی دستیابی اور سپلائی کا بالخصوص حالیہ سڑکو ں کی بندش کے تناظر میں جائزہ لیا ۔بات چیت کے دوران وزیر موصوف نے جموں و کشمیر کے تمام علاقوں میں صارفین کو ایل پی جی سلنڈروں کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ تیل کمپنیوں کے نمائندوں نے وزیر کو یقین دِلایا کہ سپلائی چین روزانہ کی بنیاد پر برقرار رکھی جا رہی ہے اورلوگوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف و دِقت سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ شرمانے گھریلو صارفین کو بلا تعطل سپلائی کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ایل پی جی سلنڈروںلے جانے والے ٹرکوں کو اوّلین ترجیح دی جائے اور متعلقہ حکام کے ساتھ ہم آہنگی کر کے ان کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔انہوںنے ایل پی جی ڈِسٹری بیوشن ایجنسیوں کے نیٹ ورک کو وسعت دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے دیہی اور سرحدی علاقوں میں مزید دکانیں قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دُور دراز علاقوں میں رہنے والے کنبوں کو وقت پر کھانا پکانے کے لئے گیس کی سہولیت سے محروم نہ ہونا پڑے۔وزیر موصوف نے ایف سی ایس اینڈ سی اے کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تیل کمپنیوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہ کر تقسیم کے نظام کو بہتر بنائیں اور سٹاک پوزیشنز پر مسلسل نظر رکھیں تاکہ کسی بھی قسم کی قلت سے بچا جاسکے۔انہوں نے عوامی فلاح و بہبود سے متعلق حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی سمیت ضروری سامان کو یقینی بنانا اوّلین ترجیح ہے اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لئے ہر ضروری قدم اُٹھایا جا رہا ہے۔