عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز جموں و کشمیر میں 12 ستمبر تک خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے۔ تاہم اس نے مزید کہا کہ اس دوران الگ تھلگ حصوں میں 2بار بارش کا مختصر سلسلہ ہونے کا امکان ہے۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر مختار احمدنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ستمبر کے مہینے میں ہر ہفتے بارشوں کے مرحلے آئیں اور بیشتر مقامات پر بارش ہوگی۔انکا کہنا تھا کہ تاہم بارش کے یہ مرحلے طویل نہیں ہونگے اور سیلابی صورتحال کا کم ہی خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 2 سے 3 ستمبر تک عام طور پر مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ2ستمبر دیر شام/رات سے سہ پہر3ستمبر بعد دوپہر تک اسکا دورانیہ رہے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ 4 سے 5 ستمبر تک موسم عام طور پر خشک ر ہے گا۔البتہ ستمبر کے دوسرے ہفتے میں 6 سے 7 ستمبر تک جموں و کشمیر میں الگ تھلگ مقامات پر بارش کا مختصر وقفہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مزید 8 سے 12 ستمبر تک موسم خشک رہے گا۔تاہم انہوں نے کہاکہ 2 سے 3 ستمبر کے دوران شدید بارش کا امکان ہے جس میں چند خطرناک مقامات پر سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے اور پتھر گرنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا مقامی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ چند نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت” اونچی جگہوں پر ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی ہوائیں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران داخل ہونگی ، جو درمیانی بارش کا سبب بن سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات نے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 2 سے 3 ستمبر کے دوران الگ تھلگ مقامات پر موسلادار بارش کا امکان ہے جو چند خطرناک مقامات پر سیلاب/ لینڈ سلائیڈنگ/ مٹی کے تودے/ پتھر گرنے کا سبب بن سکتا ہے۔مغربی ہوائیں پیر کو جموں و کشمیر پر اثر انداز ہونے والی ہیں اور 2 اور 3 ستمبر کو ہلکی سے درمیانی بارش کی بارش ہو سکتی ہے، جس میں 2 ستمبر کی رات سے زیادہ بارش کی سرگرمیاں متوقع ہیں۔