راہل گاندھی اور ملکارجن کھرگے کی نیشنل کانفرنس قیادت سے ملاقات میں معاملات طے
سرینگر// جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کیلئے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان اتحاد پر سمجھوتہ ہوگیا ہے۔اس بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹرفاروق عبد اللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کی تمام 90 اسمبلی سیٹوں پر کانگریس کے ساتھ اتحاد حتمی ہے۔یہ اعلان لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی نیشنل کانفرنس کی قیادت سے عبداللہ کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد سامنے آیا۔ ڈاکٹر فاروق نے نامہ نگاروں کو بتایا”ہماری ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، اتحاد ٹریک پرہے اور انشا اللہ کامیابی سے چلے گا، اس پر شام کودستخط ہوں گے اور اتحاد تمام 90نشستوں پر ہے‘‘۔عبداللہ نے مزید کہا”سی پی آئی (ایم) کے ایم وائی تاریگامی بھی ہمارے ساتھ ہیں، مجھے امید ہے کہ ہمارے لوگ بھی ہمارے ساتھ ہیں اور ہم لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے بھاری اکثریت سے جیتیں گے‘‘۔راہل گاندھی کی اس یقین دہانی کے بارے میں پوچھے جانے پر کہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنا کانگریس اور ہندوستانی بلاک کی ترجیح ہے، عبداللہ نے امید ظاہر کی کہ تمام اختیارات کے ساتھ مکمل ریاست کا درجہ بحال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا”ریاست ہم سب کے لیے بہت اہم ہے، یہ وعدہ ہم سے کیا گیا ہے۔ اس ریاست نے برے دن دیکھے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ اپنے مکمل اختیارات کے ساتھ بحال ہو جائے گی۔ اس کے لئے ہم انڈیا بلاک کے ساتھ کھڑے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد میں شامل ہونے اور ملک کے اداروں اور اس کے سیکولر تانے بانے کو نقصان پہنچانے والوں کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے دروازے اب بھی کھلے ہیں۔اس سے قبلبدھ کے روز کانگریس قومی صدر ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کے ساتھ بات چیت کے لیے پہنچے۔دونوں رہنما سرینگر میں نیشنل کانفرنس کی قیادت سے ملاقات کے بعد جمعرات کی سہ پہر جموں کے لیے روانہ ہوئے۔کانگریس سربراہ نے ایکس پر پوسٹ کیا”ہم نے راہل گاندھی کے ساتھ سرینگر میں این سی صدر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ کے ساتھ ایک گرمجوشی سے ملاقات کی‘‘۔کانگریس لیڈر شپ نے جمعرات کی صبح وادی کے سبھی دس اضلاع کے عہدیداروں کیساتھ ایک مقامی ہوٹل میں میٹنگ کی اور اتحاد کے بارے میں انکی رائے جاننے کی کوشش کی۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اتحاد یقینی طور پر ہوگا، لیکن کانگریس کارکنوں اور قائدین کے مفاد کی قیمت پر نہیں ۔انہوںنے کہا کہ آپ سبھی (کارکنان) کو یقین دلانا چاہتاہوں کہ پارٹی کارکنوں اور لیڈروں کے مفادات اور احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔