پلوامہ//ڈائریکٹر زراعت کشمیر چوہدری محمد اقبال نے بدھ کو ٹ نائرہ ٹہاب میں کیپیکس 2022-23 کے تحت قائم ہائی ٹیک پولی ہاؤس کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت سبزیوں کی کاشت کی عمودی توسیع کے فروغ کے لیے ایک خصوصی منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افقی توسیع کی گنجائش دن بدن کم ہوتی جا رہی ہے اور ایسے حالات میں کسانوں کو سبزیوں کی کاشت کے عمودی توسیع پر توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ زمین پر اس تصور کو عملی جامہ پہنانے کے لیے محکمہ زراعت نے کشمیر کے تمام دس اضلاع میں ہائی ٹیک پولی ہاؤسز قائم کیے ہیں۔ڈائریکٹر نے کہا کہ محکمہ ہائی ٹیک پولی ہاؤس ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کے ساتھ کامیابی کی کئی کہانیاں پیش کر رہا ہے اور محکمہ کشمیر ڈویژن کے تمام علاقوں میں کامیابی کی ان کہانیوں کو دہرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ جہاں تک سبزیوں کی کاشت کیلئے زرعی موسمی موافقت کا تعلق ہے تو ہمارے موسمی حالات ہی ہماری طاقت ہیں۔