سرینگر// لاک ڈاون کے بیچ ناجائز منافع خوروں نے اشیاء ضروریہ خاص کر پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کرکے شہری آبادی کو دو دو ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ہے ۔ شہر کے مختلف علاقوں سمیت وادی کے دیگر بازاروں سے مرغ فروشوں کی من مانیوں کی شکایات مسلسل موصول ہورہی ہیں۔صارفین کے مطابق محکمہ امور صارفین کی جانب سے وضع کی گئی قیمتوں پرکوئی عمل نہیںکرتاہے اور متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی کا رول ادا کررہا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ کہ وادی کشمیر دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں کسی بھی آ فت کے وقت لوگوں کے بنیادی حقوق سلب کئے جاتے ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ آلو ، پیار ، ٹماٹر ، پالک ، شلغم ، بنڈی ، گاجر سمیت دیگر سبزیوں کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیںجبکہ سیب ، انگور ، کیلا اور دیگر میوہ جات کو بھی مہنگے داموں فروخت کیا جارہا ہے اور یہ سب کچھ انتظامیہ کی ناک کے نیچے ہو رہا ہے۔صافین نے محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں چیکنگ سکارڈمتحرک کئے جائیں تاکہ ناجائز منافع خوری پر قابو پایا جاسکے۔