اسلام آباد//پاکستان کے ساہیوال علاقے میں میاں بیوی اور ان کی ایک لڑکی کی انسداد دہشت گردی دستے کے ساتھ مڈبھیڑ میں موت کا معاملہ پاکستان میں سرخیوں میں ہے اور وزیراعظم عمران خان نے اتوار کو اس حادثے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے کے ذمہ دار لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ مسٹر عمران خان نے اس واقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان بچوں کی حالت دیکھ کر بہت صدمے میں ہیں جو اس وقت وہاں موجود تھے جب پولس اہلکار ان کے اہل خانہ کو گولی مار رہے تھے ۔ واضح رہے کہ سنیچر کو ساہیوال کے نزدیک انسداد دہشت گردی دستے اور مشتبہ دہشت گردوں کے درمیان گولی باری کے دوران ایک خاندان کے تین افراد کو مبینہ طور سے ہلاک کردیا گیا تھا۔ روزنامہ ڈان کے مطابق وزیراعظم نے ملزموں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ جبکہ افسران اس واقعہ کو مڈبھیڑ قرار دے رہے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر ایک وائرل ویڈیو میں خاندان کے زندہ بچوں میں سے ایک نے افسران کے اس دعوی کو غلط قرار دیا ہے اور کھل کر کہا ہے کہ ان کے سامنے ہی ماں باپ اور ایک بڑی بہن کو گولی ماردی گئی۔ اس حادثے کے بعدبچے کافی خوفزدہ ہیں اور سوشل میڈیا پر اس حادثے کی زبردست مذمت کی جارہی ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ مشترکہ جانچ ٹیم کی رپورٹ آنے کے بعد قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات سب شہریوں کی سلامتی ہے ۔