عظمیٰ نیوز سروس
سر ی نگر//ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اِقبال نے کل سری نگر ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔انہوںنے اِمداکدل لال بازار اور فقیر گجری کے علاقوں میںجا مع زرعی ترقیاتی پروگرام (ایچ اے ڈی پی) کے تحت قائم مشروم یونٹوں اور ورمی کمپوسٹ یونٹس کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے ضلع سری نگر کے علاقے تھید ہارون میں کسانوں میں زرعی مشینری (برش کٹر اور سپرے) بھی تقسیم کیں۔ڈائریکٹر نے مختلف مقامات پر کسانوںسے کہا کہ وہ ایچ اے ڈی پی کے تحت تمام منصوبوں سے فائدہ اُٹھائیں۔ انہوں نے محکمہ کے افسران پر زور دیا کہ وہ کاشتکاروں کے بارے میں آگاہی پروگرام منعقد کریں اور فیلڈ وزٹ کی تعداد میں تیزی لائیں تاکہ کاشتکار محکمہ کے مختلف پروگراموں کے فوائد سے باخبر رہ سکیں۔ڈائریکٹر زراعت نے برین سری نگر میں (ایچ اے ڈی پی) کے تحت ایک سیمی ہائی ٹیک پولی گرین ہاؤس کا بھی اِفتتاح کیا۔ڈائریکٹر کے ہمراہ چیف ایگری کلچر آفیسر سری نگرمنوہر لال شرما، سب ڈویژنل ایگری کلچر آفیسر سری نگرشاہین کوثر اور ضلع کے کچھ دیگر افسران بھی تھے۔بعد میں ڈائریکٹر نے کچن گارڈن لال منڈی سری نگر میں کنٹرولڈ کنڈیشن میں تیار کی جانے والی سبزیوں کے پودوں (ساگ جی ایم دری، گوبھی، لیٹوس وغیرہ) کی تقسیم کا آغاز کیا۔