شاہ نواز
مہور//ضلع ریاسی کے بلاک مہور کی پنچایت ساڑھ لور (ٹکسن) کے لوگ بجلی کے بوسیدہ نظام سے شدید پریشان ہیں۔ مقامی افراد نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کیا کہ محکمہ کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے انہیں روزانہ کی بنیاد پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی رہائشی اور سماجی کارکن شبیر احمد چوپان نے بتایا کہ 2008 میں بلاک مہور کی پنچایت ساڑھ لور ٹکسن کے وارڈ نمبر چھ میں ایک 25 کے وی کا ٹرانسفارمر نصب کیا گیا تھا، جو اس وقت 30 گھروں کو بجلی فراہم کرتا تھا لیکن اب یہاں 100 سے زائد گھروں کو بجلی کی ضرورت ہے اور وہی 25 کے وی کا ٹرانسفارمر استعمال ہو رہا ہے، جو موجودہ دور میں بہت زیادہ لوڈ کی وجہ سے اکثر جل جاتا ہے۔شبیر احمد نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں سے پنجاب کی طرف سے کئی بار محکمہ بجلی کو ایک اضافی ٹرانسفارمر نصب کرنے کی تجویز دی گئی تھی، مگر ابھی تک اس پر عملدرآمد نہیں ہوا ہے۔ اس کے نتیجے میں گزشتہ 15 دنوں میں اس علاقے میں تین ٹرانسفارمر جل چکے ہیں، جنہیں سڑک تک اْتارنے اور چڑھانے کے لئے مقامی لوگوں نے چندہ جمع کر کے مزدوروں کو دیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی دنوں سے بجلی کی فراہمی کی کمی کے سبب اندھیرے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ مقامی لوگوںنے محکمہ بجلی کے اعلیٰ افسران اور متعلقہ ایم ایل اے سے درخواست کی ہے کہ ٹکسن کے وارڈ نمبر چھ میں 25 کے وی کے دو اضافی ٹرانسفارمر نصب کئے جائیں تاکہ عوام کو بجلی کی مسلسل فراہمی کی پریشانی سے نجات مل سکے۔