محمد تسکین
بانہال// ساولہ کوٹ ٹنل رام بن میں پیر کی شام ایک المناک سڑک حادثے میں 3 افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ڈپٹی کمشنر رام بن نے ایکس( ٹویٹر) پر ایک پوسٹ میں بتایا ’’ ڈمپرساولہ کوٹ سے ساڑھے چھ بجے ٹنل کے اس طرف دیوار کی تعمیرکیلئے پتھران لوڈ کر کے واپس آرہاتھا، لیکن ٹنگر کے مقام پر ٹنل کے بالکل قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگیا اور 150فٹ گہری کھائی میں جا گرا۔انہوں نے کہا کہ ڈمپر میں سوار 3 افراد ہلاک ہو گئے۔
متوفین میں بہار دین، اومکار سنگھ اوربھری لال شامل ہیں۔ سبھی ٹنگر کے رہنے والے ہیں جو رام بن سے 40کلو میٹر دور ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور کافی مشقت کے بعد ڈمپر میں پھنسی لاشیں نکالی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں، پولیس اور رضاکاروں نے مشترکہ بچاؤ کاروائی کے دوران لاشوں کو نکال کر ضلع ہسپتال رام بن منتقل کر دیا گیا۔