عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//ملک کی امیر ترین خاتون اور او پی جندل گروپ کی چیٔرپرسن ساوتری جندل کی دولت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ چند ماہ قبل انہوں نے عظیم پریم جی کو پیچھے چھوڑ دیا تھااور ہندوستان کے امیر ترین لوگوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگئی تھیں۔ اب انہوں نے ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز کے شیو نادر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چوتھا مقام حاصل کیا ہے۔ ساوتری جندل کی دولت 31۔50 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ اب ملک میں صرف مکیش امبانی، گوتم اڈانی اور شاپور پالون جی مستری کے پاس ان سے زیادہ دولت ہے۔بلومبرگ کے اعداد و شمار کے مطابق شیو نادر کی مجموعی مالیت اس وقت 31۔30 بلین ڈالر ہے۔ اس کے ساتھ ساوتری دیوی جندل اب ملک کی چوتھی امیر ترین شخصیت بن گئی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جنوری 2022 میں ان دونوں کی دولت میں تقریباً 20۔01 بلین ڈالر کا فرق تھا۔ اس کے بعد ساوتری جندل کی دولت میں تیزی سے اضافہ ہوا اور اب انہوں نے شیو نادر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔سال 2024 میں ساوتری جندل کی دولت میں تقریباً 6۔8 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ سال 2023 میں ان کی مجموعی مالیت میں تقریباً 11 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا تھا۔ جندل اسٹیل اینڈ پاور، جے ایس ڈبلیو انرجی اور جے ایس ڈبلیو انفراسٹرکچر کے حصص میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ان کی دولت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان 3 کمپنیوں کی ساوتری جندل کی مجموعی مالیت میں تقریباً 56 فیصد حصہ داری ہے۔ دوسری طرف شیو نادر کو اس سال ایک جھٹکا لگا ہے۔ سال 2024 میں اس کی مجموعی مالیت میں 2۔6 بلین ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے۔