شوپیان+بارہمولہ // شوپیان میں جنگجو شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد محاصرہ توڑ کر فرار ہوئے جبکہ پلوامہ میں کار سوار جنگجوئوں اور فوج میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔مقامی لوگوں کے مطابق فوج، پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے رات کے قریب 3بجے چک سانگرن امام حاصب شوپیان کا محاصرہ کیا اور ایک مخصوص مکان، جس کے بارے میں پولیس کو جنگجوئوں کی موجودگی کا علم ہوا تھا، کے ارد گرد گھیرا ڈالنے کی کوشش کی۔لیکن اس سے قبل ہی جنگجوئوں کو فورسز کے آنے کی اطلاع موصول ہوئی اور انہوں نے تلاشی پارٹی پر شدید فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا۔فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا جس کے دوران 3جنگجو فورسز کا محاصرہ توڑ کر فرار ہوئے۔اس کے بعد گائوں کی آبادی کو گھروں سے باہر نکالا گیا اور صبح 8بجے تک تلاشیاں لی گئیں ۔ادھرجندوال پلوامہ میں ایک پرائیوٹ کار میں جنگجو سفر کررہے تھے، جس کے دوران فوج کی ایک گشتی پارٹی نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا۔اس موقعہ پر کار سوار جنگجوئوں نے فوج پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور جنگجو فرار ہوئے۔واقعہ کے بعد گائوں کا محاصرہ کیا گیا اور تلاشیاں لی گئیں۔