عظمیٰ نیوز سروس
جموں// نوجوان کے اہل خانہ اور رشتہ داروں نے اپنے بیٹے کی پراسرار موت کے بعد سانبہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور جموں سری نگر ہائی وے کو بلاک کردیا۔متوفی کی شناخت امیت چودھری ولدتالبندر سنگھ ساکن رائے پور کیمپ سانبہ کے طور ہوئی ہے۔مظاہرین نے پراسرار طور پر ہلاک ہونے والے نوجوان کی نعش رکھ کر شاہراہ بلاک کر دی۔ لواحقین نے دعویٰ کیا کہ متوفی سانبہ میں دھرم کنڈا فیز 3 پر مزدوری کرتا تھا اور اس کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔مظاہرین کا دعویٰ تھا کہ لاش کو ان کے کام کرنے کی جگہ سے باہر پھینک دیا گیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ متوفی بھارتی فوج میں بھرتی ہونے کی تیاری کر رہا تھا۔پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ تفصیلی تحقیقات کریں گے۔ متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔